عائشہ گلالئی کے ذاتی معاون کا کرپشن کے تمام ثبوت نیب اور احتساب کمیشن کو دینے کا اعلان

تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کا ذاتی معاون نور زمان ایک بار پھر میدان میں آگیا اور خاتون رکن اسمبلی کی مبینہ کرپشن کے تمام ثبوت نیب اور احتساب کمیشن کو دینے کا اعلان کردیا۔
ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نورزمان کا کہنا تھا کہ وہ عائشہ گلالئی کی کرپشن پر اتنا عرصہ اس لیے خاموش رہا کیونکہ خاتون نے اس کے بیٹے کو نوکری پر رکھوانے کا وعدہ کر رکھا تھا۔ نورزمان نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے بنوں لنک روڈ کی رقم اپنے بنگلے پرلگائی اور اس نے خود کرپشن کے پیسے عائشہ گلالئی کو دیے جس کے اس کے پاس سارے ثبوت موجود ہیں۔ نور زمان نے اعلان کیا کہ احتساب کمیشن اور نیب میں عائشہ گلالئی کے کرپشن کے ثبوت پیش کروں گا۔

واضح رہے کہ عائشہ گلالئی کے عمران خان پر سنگین الزامات کے بعد خاتون رکن قومی اسمبلی کا پرسنل اسسٹنٹ نور زمان بھی منظر عام پر آیا تھا جس نے کرپشن کے الزامات لگائے تھے۔ نور زمان نے کہا تھا کہ وہ عائشہ گلالئی کو مختلف ترقیاتی منصوبوں میں کمیشن کی مد میں ایک کروڑ روپے کی رقم دے چکا ہے۔